Post Top Ad




اکتوبر 10, 2021

پاکستان کے نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان انتقال کر گئے

 


محسن پاکستان اور نامور  ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو پھیپھڑوں میں تکلیف کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے اور  خالق حقیقی سے جا ملے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو صبح 6 بجے کے قریب کے آر ایل اسپتال لایا گیا تھا جہاں ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہو گئی تھی، ڈاکٹروں نے ایٹمی سائنسدان کو بچانے کی پوری کوشش کی تاہم صبح 7 بج کر 4 منٹ پر وہ دار فانی سے کوچ کر گئے۔  

یاد رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو رواں برس اگست میں کورونا کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم ان کی کورونا کی رپورٹ منفی ہونے کے بعد ایٹمی سائنسدان کو گھر منتقل کر دیا گیا تھا۔ 

صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان،  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی سمیت سیاسی و سماجی شخصیات کی جانب سے ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے انتقال پر گہرے اور  افسوس کا اظہار کیا۔ 

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی ڈاکٹر  عبدالقدیر کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ محسن پاکستان کی طبیعت کچھ عرصے سے ناساز تھی۔

محسن پاکستان اور پاکستان کے نامور ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔

اہلخانہ کے مطابق ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی نماز جنازہ فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی جائے گی۔

Post Bottom Ad