Post Top Ad




اکتوبر 28, 2021

شعیب اختر سے بدتمیزی، پی ٹی وی کے اینکر نعمان نیاز کوشو سےہٹادیا گیا

 


انکوائری کمیٹی نے پی ٹی وی اسپورٹس پر پروگرام کے دوران شعیب اختر سے بدتمیزی پر ڈاکٹر نعمان نیاز کو پروگرام کی میزبانی سے ہٹادیا گیا ہے۔

پی ٹی وی اسپورٹس پر کرکٹ لیجنڈ شعیب اختر کے ساتھ پیش آئے واقعے کے معاملے پر سرکاری ٹی وی کی قائم کردہ انکوائری کمیٹی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹیلی وژن (ایم ڈی پی ٹی وی) اور دیگر حکام نے شرکت کی، اجلاس میں شعیب اختر کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں واقعے سے متعلق ابتدائی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پروگرام کی آن ائیر اور آف ائیر تمام ریکارڈنگ دیکھی گئی، انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹر نعمان نیاز سے بھی پوچھ گچھ کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے فوری طور پر اینکر پرسن ڈاکٹر نعمان نیاز کو  آف ایئر کرنے کی سفارش کی جبکہ انکوائری کمیٹی نے شعیب اختر کو بھی بیان کے لیے بلا لیا ہے۔

خیال رہے کہ 26 اکتوبر کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ کے بعد پی ٹی وی اسپورٹس پر لائیو شو کے دوران پروگرام کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز نے ویون رچرڈز اور ڈیوڈ گاور سمیت دیگر مہمانوں کے سامنے شعیب اختر سے شو چھوڑ کر جانے کا کہا تھا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی پر اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے حارث رؤف کی تعریف کی اور اس کا کریڈیٹ لاہور قلندرز کے پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کو دیا۔

سرکاری ٹی وی کے میزبان کو قلندرز کی تعریف شاید پسند نہ آئی اور جواب میں وہ شعیب اختر سے ہی نا شائستہ رویہ اپنا بیٹھے اور انہیں شو سے اٹھ جانے کو کہہ دیا۔

شعیب اختر نے معاملے کو رفع دفع کرنے کی کوشش کی لیکن جب بات نہ بنی تو شعیب اختر ناصرف شو چھوڑ کر چلے گئے بلکہ انہوں نے پی ٹی وی سے بھی استعفیٰ دیدیا۔

Post Bottom Ad