Post Top Ad




دسمبر 16, 2021

سابقہ اداکارہ صنم چوہدری نے شوبز چھوڑنے کی وجہ بتادی

 


پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ صنم چوہدری نے خود کو شوبز سے کنارہ کش کرنے کی وجہ بتادی۔

صنم چوہدری نے انسٹاگرام پر خصوصی طور پر لائیو سیشن کیا جس میں انہوں نے شوبز چھوڑنے کے فیصلے سے متعلق تفصیلی طور پر بتایا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اداکاری میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے دِن رات محنت کی اور کامیاب بھی ہوئی، مجھے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ بھی مِلا، زندگی بالکل سیٹ تھی اور بہت مزہ آرہا تھا۔

صنم چوہدری نے جذباتی انداز میں اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں جو مانگتی تھی وہ اللہ مجھے دے دیتا تھا، مجھے شادی کرنی تھی، اللہ تعالیٰ نے کروادی، اولاد عطا کی مجھے ہر چیز سے نوازا۔

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ ایک بات جو میرے دل سے نکل رہی ہے وہ یہ کہ اصل میں مجھے پتہ نہیں تھا کہ مرنا بھی ہے، یہ وہ وقت تھا جب مجھے احساس ہوا کہ کہیں میں بطور اداکارہ دنیا کو خوش کرنے کے لیے اپنے رب کو ناراض تو نہیں کر رہی۔

انہوں نے کہا کہ ایک دن میں نے خود سے سوال کیا تو احساس ہوا کہ آخر زندگی میں مجھے چاہیے کیا؟ سب کچھ ہونے کے باوجود مزید کس چیز کی خواہش ہے؟ میں نے اپنی تمام تر توجہ قرآن کی طرف لگائی، اسے پڑھنا شروع کیا اور تفسیر پڑھی جس نے میری زندگی بدل دی۔

صنم چوہدری نے اپنے لائیو سیشن کے دوران بتایا کہ سابق گلوکار نجم شیراز نے ان کے اس سفر میں کافی مدد کی اور انہیں اپنے ٹیچر بابر چوہدری سے متعارف کروایا جنہوں نے ان کی رہنمائی کی۔

واضح رہے کہ صنم چوہدری نے رواں برس اگست میں انسٹاگرام سے اپنی تمام تصاویر ڈیلیٹ کردی تھیں، بعدازاں انہوں نے شوبز چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

Post Bottom Ad