Post Top Ad




فروری 15, 2022

پی ایس ایل 7: پشاور زلمی نے کوئٹہ کو 24 رنز سے شکست دے دی

 


پاکستان سپر لیگ 7 کے 22 ویں میچ  میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 24رنز سے شکست دے دی۔

186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں161 رنز بناسکی، وِل اسمیڈ 99 رنز بناکر نمایاں رہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں پر 185 رنز بنائے، شعیب ملک 58 رنز بناکر نمایاں رہے۔

زلمی کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا، اوپنر حضرت اللہ ززئی ایک جبکہ لیام لیونگسٹن صفر پر پویلین لوٹے۔

2 وکٹیں گرنے کے بعد محمد حارث اور تجربے کار بیٹر شعیب ملک کے درمیان 52 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی تاہم حارث 17 گیندوں پر 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ شعیب ملک نے 58 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ حسین طلعت 32 گیندوں پر 51 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ اختتامی اوورز میں بین کٹنگ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت زلمی نے مقررہ اوورز میں 185 رنز بنائے، وہ 14 گیندوں پر 36 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اوپنر جیسن روئے 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جیمز وینس صفر پر پویلین لوٹے جبکہ کپتان سرفراز احمد نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔

تاہم دوسری جانب سے اوپنر وِل اسمیڈ نے شاندار بیٹنگ کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو میچ نہ جتواسکے۔ انہوں نے 60 گیندوں پر 99 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے علاوہ افتخار احمد نے 10 رنز بنائے ، یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوورز میں8 وکٹوں پر 161 رنز بنائے اورر زلمی کو 24 رنز سے کامیابی ملی۔

پشاور زلمی کی جانب سے عثمان قادر نے 3 جبکہ سلمان ارشاد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پی ایس ایل میں ٹاپ 4 ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی تاہم اس کامیابی کے بعد پشاور زلمی کی ٹیم 2  قیمتی پوائنٹس حاصل کرکے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگئی ہے جبکہ اس کے ابھی 2 میچ باقی ہیں۔

Post Bottom Ad