Post Top Ad




فروری 16, 2022

پی ایس ایل 7: کراچی کنگز کو مسلسل 8 ویں میچ میں بھی شکست، ملتان 7 وکٹوں سے کامیاب

 


پاکستان سپر لیگ 7 کے 23 ویں میچ  میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ملتان سلطانز نے 175 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا، محمد رضوان 76 رنز بناکر نمایاں رہے۔

واضح رہے کہ کراچی کنگز کی یہ رواں ایونٹ میں مسلسل 8ویں شکست ہے۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں6 وکٹوں پر 174 رنز بنائے، جو کلارک 40 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کراچی کی اننگز کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا،کپتان بابر اعظم صرف 2 رنز بناکر پویلین لوٹے، تاہم شرجیل خان اور جو کلارک کے درمیان 72 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر 77 رنز کے مجموعی اسکور پر کلارک 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کو تیسرا نقصان شرجیل خان کی صورت میں اٹھانا پڑا ، وہ 34 گیندوں پر 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ قاسم اکرم 13، روہیل نذیر اور محمد نبی 21، 21 رنز بناسکے۔

تاہم اختتامی اوورز میں عماد وسیم کے جارحانہ32 رنز نے ٹیم کا اسکور 174 رنز تک پہنچایا، وہ 16گیندوں پر 32 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان کی جانب سے شاہنواز دھانی نے 2 جبکہ رومان رئیس، عمران طاہر ،خوشدل شاہ اور مزربانی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔

175 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سلطانز کا آغاز اچھا رہا اور دونوں اوپنر محمد رضوان اور شان مسعود کے درمیان 100 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، تاہم شان 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ملتان کو دوسرانقصان کپتان رضوان کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 56 گیندوں پر 76 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

تاہم اختتام اوورز میں خوشدل شاہ اور روسو کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت ملتان سلطانز نے کراچی کو شکست دے دی۔

خوشدل شاہ 9 گیندوں پر 21 جبکہ روسو 5 گیندوں پر 14 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو ملتان سلطانز کی ٹیم 8 میں سے 7 میچز جیت کر 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ وہ  ناک آؤٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی کرچکی ہے۔

دوسری جانب کراچی کنگز پہلے ہی فائنل کی دوڑ سے باہر ہے، کنگز کو ایونٹ میں اب تک ایک بھی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔

Post Bottom Ad