Post Top Ad




فروری 19, 2022

پی سی بی سے پیسے نہ ملنے پر تنازع: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیمز فاکنر پی ایس ایل سے دستبردار

 


کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آل راؤنڈر جیمز فا کنر پی سی بی کی جانب سے پیسے نہ ملنے پر پاکستان سپر  لیگ سے دستبردار ہوگئے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں جیمز فوکنر نے پاکستان کرکٹ فینز سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان سپر لیگ سے دستبردار ہوچکےہیں اور آخری کے دو میچز نہیں کھیلیں گے۔

فا کنر نے لیگ سے دستبرداری کی وجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے معاہدے کی پاسداری نہیں کی گئی ہے۔

جیمز فاکنر کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پورے وقت کے لیے یہاں موجود رہے ہیں لیکن ان سے بورڈ نے مسلسل جھوٹ بولا جس وجہ سے وہ دلبرداشتہ ہوئے اور لیگ کو چھوڑا۔

فاکنر نے مزید کہا کہ وہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلئے مدد کرنا چاہتے تھے کیونکہ یہاں بہت زیادہ ینگ ٹیلنٹ ہے اور شاندار کرکٹ فینز ہیں لیکن پی سی بی اور پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے ان سے برتا جانے والے سلوک نامناسب ہے۔

 


دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ذرائع کاکہنا ہے کہ فوکنر اور گلیڈی ایٹرز کے درمیان  رقم کا تنازع تھا، اس معاملے پر پی سی بی  اور  لیگ  انتظامیہ ہی مؤقف دے گی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر کو مستقبل میں پاکستان سپر لیگ نہ کھلانے کا اعلان کیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ  جیمز فالکنر کے حوالے سے پی سی بی اور تمام پی ایس ایل فرنچائزز نے فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں انہیں پی ایس ایل کے ڈرافٹس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2022 کے دوران جیمز فالکنر کی جانب سے لگائے جانے والے معاوضے کی عدم ادائیگی اور بدسلوکی کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

Post Bottom Ad