Post Top Ad




فروری 19, 2022

پی سی بی کا جیمز فاکنرکو آئندہ پی ایس ایل میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ

 


پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوئٹہ گلیڈئٹر کی جانب سے کھیلنے والے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر کو مستقبل میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل نی کرنے  کا اعلان کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے جیمز فالکنر کے حوالے سے پی سی بی اور تمام پی ایس ایل فرنچائزز نے فیصلہ کیا ہے کہ مستقبل میں انہیں پی ایس ایل کے ڈرافٹس میں شامل نہیں کیا جائے گا۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایچ بی ایل پی ایس ایل 2022 کے دوران جیمز فالکنر کی جانب سے لگائے جانے والے معاوضے کی عدم ادائیگی اور بدسلوکی کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

جیمز فالکنر کی جانب سے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2022 کے دوران عدم ادائیگی سے متعلق بے بنیاد الزامات عائد کیے جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’پی سی بی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جیمز فالکنر کے قابل مذمت رویے سے مایوس ہیں، فالکنر پاکستان سپر لیگ 2021کے ابوظبی مرحلے کابھی حصہ تھے جہاں شریک دیگر تمام ارکان کے ہمراہ ان کے ساتھ بھی احترام کا رویہ اختیار کیا گیا۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ایس ایل کی 7 سالہ تاریخ میں کسی بھی کھلاڑی نے کبھی بھی عدم ادائیگی کی شکایت نہیں کی، اس کے برعکس تمام کھلاڑیوں نے ہمیشہ پی سی بی کی کوششوں کو سراہا ہے ، ان میں سے زیادہ تر کھلاڑی 2016 سے پی ایس ایل کا حصہ ہیں۔

پی سی بی کا مزید کہنا ہے کہ دسمبر 2021 میں جیمز فالکنر کے ایجنٹ نے ادائیگی کے لیے اپنے یوکے کے بینک اکاؤنٹ کی تصدیق کی، جسے نوٹ کرلیا گیا، جنوری 2022 میں جیمز فالکنر کے ایجنٹ نے آسٹریلیا میں موجود ایک آن شور اکاؤنٹ کی تفصیلات شیئر کیں لیکن اس وقت تک جیمز فالکنر کی 70 فیصد ادائیگی یو کے میں ان کے آف شور اکاؤنٹ میں منتقل کردی گئی تھی اور  جیمز فالکنر نے اس منتقلی کی تصدیق بھی کی تھی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق جیمز فالکنر کو 70 فیصد تک تمام ادائیگیاں کی جا چکی ہیں،  بقیہ 30 فیصد ادائیگی پی ایس ایل 2022 کے اختتام کے 40 روز کے اندر کی جانی تھی تاہم اس پر اب نظر ثانی کی جائے گی۔

اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ یوکے کے اکاؤنٹ میں رقم منتقل ہونے کے باوجود جیمز فالکنر کا اصرار تھا کہ انہیں دوبارہ آسٹریلیا کے آن شور اکاؤنٹ میں تمام رقم بھیجی جائے، جس کا مطلب تھا کہ انہیں دو مرتبہ ادائیگی کی جائے۔

پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جیمز فالکنر نے نے رقم منتقل نہ کرنے پر گزشتہ روز (جمعے کو) ملتان سلطانز کے اہم میچ میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی بھی دی تھی اور اس موقع پر ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے پی سی بی نے جمعہ کی دوپہر جیمز فالکنر سے رابطہ کیا، اس دوران توہین آمیز رویے کے باوجود جیمز فالکنر کو یقین دلایا گیا کہ ان کی تمام شکایات کا ازالہ کیا جائے گاتاہم انہوں نے اپنی ٹیم کے لیے ایک اہم میچ کھیلنے کے لیے میدان میں اترنے کے اپنے فیصلے پر نظر ثانی سے انکار کر دیا اور فوری طور پر اپنے سفری انتظامات ترتیب دینے کی ہدایت کردی۔

اعلامیے کے مطابق اس دوران پی سی بی ان کے ایجنٹ کے دوران مسلسل رابطے میں رہا، جو  پشیمان اور معذرت خواہ تھے۔

پی سی بی اعلامیے کے مطابق اپنی روانگی سے قبل جیمز فالکنر نے ہفتے کو جان بوجھ کر ہوٹل کی املاک کو نقصان پہنچایا اور اس کے نتیجے میں انہیں ہوٹل کے نقصان کا ازالہ بھی کرنا پڑا، اس کے بعد پی سی بی کو امیگریشن حکام سے بھی جیمز فالکنر کے رویے کی شکایات موصول ہوئیں جو  وہاں گالم گلوچ کر رہے تھے۔

اعلامیے کے مطابق  پی سی بی نے جیمز فالکنر کی سنگین بدتمیزی کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فرنچائزز کے ساتھ مل کر متفقہ فیصلہ کیا ہے کہ جیمز فالکنر کو اب مستقبل میں  پاکستان سپر لیگ کے کسی ایونٹ میں ڈرافٹ کے لیے شامل نہیں کیا جائے گا۔

Post Bottom Ad