Post Top Ad




مارچ 28, 2022

عثمان بزدار مستعفی، پرویز الہی نئے وزیر اعلی پنجاب نامزد



اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے عثمان بزدار کا استعفی لے کر ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو پنجاب کا وزیراعلیٰ نامزد کردیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان اور ق لیگ کے وفد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے چوہدری پرویز الٰہی سے کہا کہ میں نےعثمان بزدار سے استعفیٰ لے لیا ہے، میں آپ کو اپنی پارٹی کی طرف سے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب نامزد کرتا ہوں، میں آپ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

اعلامیے کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب نامزدکرنے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ آپ کے اعتماد پر ان شاء اللہ پورا اتروں گا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات میں پرویز الٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ ق بطور اتحادی آپ کےساتھ بھرپور تعاون کرےگی،  اتحادی کی حیثیت سے مل کر عوام کی خدمت کریں گے۔

پرویز الٰہی کی جانب سے وزارت اعلیٰ کا عہدہ قبول کرنے اور حکومت کا ساتھ دینے کے فیصلے پر چوہدری شجاعت ناراض ہیں اور انہوں نے اپنے رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ سے استعفی دلوا دیا ہے۔

رہنما ق لیگ طارق بشیر کہتے ہیں کہ مہنگائی کےبوجھ تلے دبے عوام کے ساتھ ہوں، عمران خان کے ساتھ نہیں۔

دوسری جانب پرویز الٰہی کے صاحبزادے مونس الٰہی تاحال پر امید ہیں اور کہتے ہیں کہ طارق بشیر چیمہ کو منالیں گے۔


Post Bottom Ad