Post Top Ad




اپریل 05, 2022

آسٹریلیا نے ایک روزہ ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی

 


آسٹریلیا نے واحد ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو3 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کی جانب سے دیا گیا 163 رنز کا ہدف آسٹریلیا نے باآسانی7 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کرلیا،کپتان ایرون فنچ  شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 55 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اس  سے قبل آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، قومی ٹیم نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر162 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم 66 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کا آغاز اچھا رہا، اوپنرز محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم کے درمیان 67 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر رضوان 23 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ نئے آنے والے بیٹر فخر زمان کوئی رنز بنائے بغیر پویلین لوٹے۔

تاہم اس دوران بابر اعظم نے دلکش اسٹروک لگائے اور نصف سنچری اسکور کی لیکن وہ بھی 46 گیندوں پر 66 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے علاوہ خوشدل شاہ نے24  اور افتخار احمد 13 رنز بناسکے۔ 

آسٹریلیا کی جانب سے  نتھن الیس نے 4 شکار کیے جبکہ کمیرون گرین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

163 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز برا نہ تھا اوپنرز ہیڈ اور فنچ کے درمیان 40 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر 26 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

ایک وکٹ گرنے کے بعد کپتان ایرون فنچ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری اسکور اور 55 رنز کی اننگز کی بدولت اپنی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں اہم کردار نبھایا۔

ایرون فنچ کے علاوہ جوش لنگس 24 اور ماکس اسٹوئنس نے 23 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، عثمان قادر اور محمد وسیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی گئی جس میں آسٹریلیا نے 0-1 سے کامیابی حاصل کی۔

اس کے بعد تین ون ڈے میچز کی سیریز ہوئی جو پاکستان نے 1-2 سے اپنے نام کی۔

Post Bottom Ad