Post Top Ad




اپریل 19, 2022

سندھ میں گاڑیوں کے لیے جدید فیچر والی نمبر پلیٹس کے اجرا کا آغاز

 


کراچی :  حکومت سندھ نے صوبے میں گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹ کی روک تھام اور گاڑی کی ملکیت ڈیجیٹل طریقے سے چیکنگ کے لیے  جدید سکیورٹی فیچرز کے ساتھ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے اجرا کا آغاز کر دیا ہے۔

پاکستانی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق، محکمہ ایکسائز سندھ کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ضیا شاہد نے بتایا کہ نئی نمبر پلیٹس نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن (این آر ٹی سی) کے تعاون سے بنائی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ نئی نمبر پلیٹس سے گاڑیوں کی ٹریکنگ اور ڈیٹا حاصل کرنا نہایت آسان ہوگا جب کہ یہ نمبر پلیٹس کیمرا ریڈ ایبل ہوں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ان نئی نمبر پلیٹس میں 5 سیکیورٹی فیچرز موجود ہوں گے جن میں آر آئی ایف ڈی یعنی ٹریکنگ چپ، لیزر سیریل نمبر، سندھ حکومت کا مونوگرام، لیزر انٹیگریٹڈ مارک اور ہر نمبر پلیٹ پر گرافکس شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ’ان نئی نمبر پلیٹس میں جدید بار کوڈ بھی ہوگا، جس کو سکین کر کے اسی وقت یہ دیکھا جاسکتا ہے کہ یہ پلیٹ اصلی ہے یا نہیں؟ اس کے علاوہ اس بار کوڈ میں گاڑی کی ملکیت سمیت تمام معلومات مل سکے گی۔

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے مطابق سندھ کی ثقافتی اجرک کے ڈیزائن سے آراستہ یہ نئی نمبر پلیٹس دھوپ اور پانی کے اثرات سے محفوظ اور نہ مڑنے والی ایلومنیم شیٹ سے تیار کی گئی ہیں، جن کو رات کے اندھیرے میں بھی پڑھا جاسکے گا۔

یاد رہے کہ یہ نمبر پلیٹس پنجاب اور بلوچستان میں متعارف ہوچکی ہے اور وہاں اس کی قیمت 1400 روپے ہے، جبکہ سندھ میں اس کی قیمت 1800روپے مقرر کی گئی ہے۔

Post Bottom Ad