Post Top Ad




جون 02, 2022

Chase سپر اسٹور میں لگی آگ 27 گھنٹے بعد بھی نہ بجھائی جا سکی، عمارت منہدم ہونے کا بھی خطرہ



کراچی: جیل چورنگی کے قریب واقع 'Chase' سپر اسٹور میں گزشتہ روز لگنے والی آگ پر  27 گھنٹے گزرنے کے باوجود قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ سپر اسٹور کے بیسمنٹ میں لگی آگ کو مختلف مقامات سے بجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاہم بیسمنٹ میں جانے کا راستہ نہ ہونے کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سینئر فائر آفیسر عارف منصوری کا کہنا ہے کہ بیسمنٹ میں لگی آگ پر  80 فیصد قابو پا لیا گیا ہے تاہم دھویں کی وجہ سے رضا کاروں کو  اندر جانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔


سینئر فائر آفیسر کا کہنا ہے کہ عمارت میں کہیں کہیں آگ کے شعلے ہیں تاہم امید ہے اگلے 6 گھنٹوں میں آگ پر مکمل قابو پالیں گے، مسلسل آگ کی وجہ سے متاثرہ عمارت کی دیواروں میں دراڑیں بھی پڑنا شروع ہو گئی ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد عاصمہ بتول کا کہنا ہے کہ عمارت کے اطراف کے رہائشیوں کے گھر خالی کرائے جارہے ہیں کیونکہ عمارت مکمل طور پرکمزور ہوچکی ہے، اس کے پانچ پلرز متاثر ہوئے ہیں، جبکہ عمارت منہدم ہونے کا بھی خطرہ ہے۔


انہوں نے رہائشیوں سے درخواست کی کہ ضروری سامان گھروں سے لے کر جائیں، عمارت میں کافی دھواں ہے جس کے باعث اندر جانے میں مشکلات ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ عمارت کی بنیادیں کمزور ہوچکی ہیں، پولیس کو بھی طلب کرلیا گیا ہے، ہم لوگ انتظامی طور پر معاملات دیکھ رہے ہیں، کوشش ہے کہ کسی جانی نقصان سے بچا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں جیل چورنگی کے قریب واقع سپر اسٹور کے بیسمنٹ میں بنے گودام میں لگنے والی آگ دیکھتے ہی دیکھتے پورے اسٹور میں پھیل گئی تھی۔

آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث اسے تیسرے درجے کی قرار دیکر عمارت کے رہائشیوں کو باہر نکال لیا گیا تھا، آگ کے دھویں سے متاثر ہو کر 4 افراد بے ہوش بھی ہوئے تھے جن میں سے ایک دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔

Post Bottom Ad