Post Top Ad




جولائی 13, 2022

ناسا نے جیمز ویب ٹیلی اسکوپ سے لی گئی کائنات کی پہلی رنگین تصاویر جاری کردیں

 


امریکی خلائی ادارے ناسا نے کائنات کے چھپے رازوں کو جاننے کے لیے خلا میں بھیجے جانے والی  جیمز ویب ٹیلی اسکوپ سے لی گئی کائنات کی پہلی رنگین تصا ویر جاریکی ہیں۔

جمیز ویب ٹیلی اسکوپ کو دسمبر 2021 میں خلا میں بھیجا گیا تھا اور 6 ماہ کے بعد اب جاکر اس کی اولین تصویر جاری کی گئی ہے۔

Deep Field SMACS 0723



جیمز ویب ٹیلی اسکوپ سے لی گئی تصویر  تقریباً بازو کی لمبائی جتنی دوری  پر رکھے ہوئے ریت کے ایک دانے کے سائز کی ہے، جو کہ وسیع کائنات کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا ہے جس میں  ہزاروں کہکشاؤں کو  دیکھا گیا ہے۔

اس کے علاوہ یہ تصویر کہکشاں کا منظر جسے SMACS 0723 کہا جاتا ہے کو دکھارہی ہے جیسا کہ یہ 4.6 ارب سال پہلے ظاہر ہوا تھا، جس میں اس منظر کے آگے اور پیچھے بہت سی کہکشائیں تھیں۔

ناسا کا کہنا ہے کہ کائنات کے اس گہرے نظارے کی تصویر جیمز ویب ٹیلی اسکوپ کے   Near-Infrared Camera (NIRCam) کیمرے کے ذریعے لی گئی۔

ناسا کے ایڈمنسٹریٹر بل نیلسن نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کو  بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ آپ ایسی کہکشائیں دیکھ رہے ہیں جو دوسری کہکشاؤں کے گرد چمک رہی ہیں۔

نیلسن نے کہا کہ روشنی 186،000 میل فی سیکنڈ کی رفتار سے سفر کرتی ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ اس  تصویر کے اندر ایک چھوٹے سے حصے میں نظر آنے والی روشنی 13ارب سالوں سے سفر کر رہی ہے، اس کے علاوہ انہوں نے اشارہ دیا کہ مستقبل کی تصاویر قدیم کائنات میں تقریباً 13.5 ارب سال پہلے کے وقت کو  دریافت کریں گی۔

ناسا کے مطابق جیمز ویب ٹیلی اسکوپ کی مدد سے اب محققین جلد ہی کہکشاؤں کے ارتقا، ستاروں کی زندگی کے دورانیے اور ہمارے نظام شمسی کے مختلف حصوں کے ماحول کو جاننے شروع کردیں گے۔ 

 منگل کے روز ناسا نے جمیز ویب ٹیلی اسکوپ سے لی گئی مزید تصاویر بھی جاری کیں۔

Southern Ring Nebula


“Cosmic Cliffs” in the Carina Nebula


Stephan's Quintet



یاد رہے کہ جمیز ویب ٹیلی اسکوپ امریکی خلائی ادارے ناسا، یورپی خلائی ادارے اور کینیڈین اسپیس ایجنسی (سی ایس اے) کا 10 ارب ڈالرز کی لاگت کا مشترکہ منصوبہ ہے۔

جمیز ویب کی نمایاں خصوصیات میں اس کا سب اہم حصہ 6.5 میٹر کے حجم کا آلہ انعکاس (Mirror) ہے جو کہ31 سال قبل بھیجی گئی ٹیلی اسکوپ ’ہبل‘ کے آلہ انعکاس سے 3 گنا بڑا ہے۔

جیمز ویب کا مقصد کائنات کے ابتدائی دنوں (تقریباً ساڑھے 13 ارب سال) پہلے روشن ہونے والے ستارے کا کھوج لگانا ہے۔

خلائی دوربین جیمز ویب کا منصوبہ 30 سال کے عرصے میں پایہ تکمیل تک پہنچا اور اسے رواں صدی کے بڑے سائنسی منصوبوں میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔

آپ یہ تمام تصاویر جیمز ویب ٹیلی اسکوپ کی ویب سائٹ سے فل ریزولوشن میں ڈائونلوڈ کرسکتے ہیں۔

Post Bottom Ad