Post Top Ad




ستمبر 02, 2022

ایشیا کپ 2022: پاکستان نے ہانگ کانگ کو 155 رنز سے شکست دیکر سپر فور مرحلے میں جگہ بنالی



ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2022 کے چھٹے میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 155 رنز سے شکست دے کر سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

شارجہ میں کھیلےگئے میچ میں ہانگ کانگ  نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم صرف 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔یوں پاکستانی ٹیم نے 155 رنز سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 4،محمد نواز نے 3 اور نسیم شاہ نے 2 کھلاڑی آؤٹ کیے۔

ہانگ کا نگ کا کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگرمیں داخل نہ ہوسکا۔ کپتان نزاکت خان 8 رنز بناکر نمایاں رہے۔

پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بنائے ، محمد رضوان 78 رنز بناکر نمایاں رہے۔قومی ٹیم نے آخری اوور میں خوشدل کے 4 چھکوں کی بدولت 29 رنز اسکور کیے۔

ہانگ کانگ کے خلاف پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا،13 کے مجموعی اسکور پر کپتان بابر اعظم 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

محمد رضوان اور فخر زمان نے شاندار بیٹنگ کی اور دونوں کے درمیان 116 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر فخر 41 گیندوں پر 53 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

میچ کے آخری اوورز میں محمد رضوان اور خوشدل شاہ نے تیز ی سے رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 20 اوورز میں 193 رنز تک پہنچایا۔

خوشدل شاہ نے اننگز کے آخری اوور میں 4 چھکے لگائے، وہ 15 گیندوں پر 35 رنز جبکہ رضوان 57 گیندوں پر 78 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

ہانگ کانگ کی جانب سے احسان خان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں 6 بہترین ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا، پاکستان گروپ اے میں بھارت اور ہانگ کانگ کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں سری لنکا ،افغانستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں شامل تھی۔

سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔


Post Bottom Ad