Post Top Ad




اپریل 04, 2023

سپریم کورٹ نے انتخابات ملتوی کرنےکا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا، پنجاب اسمبلی کے انتخابات 14مئی کو کرانےکا حکم

 


اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیکر  پنجاب اسمبلی کے انتخابات 14مئی کو کرانےکا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے قرآن کی آیت سے ابتدائی  فیصلہ سنانےکا آغاز کیا، فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کا انتخابات کرانےکا فیصلہ غیر آئینی قرار دے دیا۔

 فیصلے میں کہا گیا کہ  الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ غیر آئینی قرار دیا جاتا ہے، صدر مملکت کی دی گئی تاریخ کا فیصلہ بحال کیا جاتا ہے، آئین وقانون انتخابات کی تاریخ ملتوی کرنےکا اختیارنہیں دیتا، 22 مارچ کو الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا تب انتخابی عمل پانچویں مرحلے پر تھا،  الیکشن کمیشن کے آرڈر  کے باعث 13 دن ضائع ہو گئے، الیکشن کمیشن نے غیر آئینی فیصلہ کیا۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا ہےکہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کی 8 اکتوبر کی تاریخ دے کر دائرہ  اختیار سے تجاوزکیا، ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیلیں جمع کرانےکی آخری تاریخ 10اپریل ہوگی، 17 اپریل کو الیکشن ٹریبونل اپیلوں پر فیصلہ کرےگا، پنجاب میں امیدواروں کی حتمی فہرست 18 اپریل کو شائع کی جائیں، انتخابی نشانات 20 اپریل تک الاٹ کیے جائیں۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا ہےکہ پنجاب میں انتخابات شفاف، غیرجانبدارانہ اور قانون کے مطابق کرائے جائیں، وفاقی حکومت 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو 21 ارب روپےکا فنڈ جاری کرے، الیکشن کمیشن 11 اپریل کو سپریم کورٹ میں فنڈ مہیا کرنےکی رپورٹ جمع کرائے، الیکشن کمیشن فنڈ کی رپورٹ بینچ ممبران کو چیمبر میں جمع کرائے، فنڈ نہ ملنےکی صورت میں سپریم کورٹ متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرے گا۔

فیصلہ میں حکم دیا گیا ہےکہ پنجاب حکومت الیکشن کمیشن کو سکیورٹی پلان دے، پنجاب کی نگران کابینہ اور چیف سیکرٹری 10 اپریل تک الیکشن کمیشن کو انتخاباتی عملےکے لیے رپورٹ کریں، نگران حکومت پنجاب میں انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کو تمام معاونت اور  وسائل فراہم کرے، وفاقی حکومت  انتخابات کے لیے وسائل اور معاونت فراہم کرے۔

فیصلے میں کہا گیا ہےکہ وفاقی حکومت انتخابات کے لیے افواج، رینجرز، ایف سی اور دیگر اہلکار فراہم کرے، وفاقی حکومت 17 اپریل تک الیکشن کمیشن کو سکیورٹی پلان فراہم کرے، وفاقی حکومت اور نگران حکومت پنجاب نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کیا تو کمیشن عدالت کو آگاہ کرے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر پنجاب اور خیبر مختونخواہ کے انتخابات میں تاخیر کے مقدمے کا فیصلہ 6 سماعتوں کے بعد گزشتہ روز محفوظ کیا تھا۔

Post Bottom Ad