Post Top Ad




ستمبر 11, 2023

ایشیا کپ 2023: بھارت نے پاکستان کو 228 رنز سے شکست دے دی

 


ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز سے شرمناک  شکست دے دی۔ بھارت کے 356 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز ہی بنا سکی۔

امام الحق 9رنزبناکر بمراہ کی بال پر آؤٹ  ہوئے جب کہ بابر اعظم کو 10 رنز پر پانڈیا نے آؤٹ کیا۔

 کولمبو میں ریزرو ڈے میں بارش رکنے کے بعد پاکستان اور بھارت کا میچ شروع ہوا اور بھارتی ٹیم نے 25 ویں اوور سے کھیل کا آغاز کیا۔

گزشتہ روز بارش کی وجہ سے صرف 24.1 اوورز کا کھیل ممکن ہو سکا تھا، جس میں بھارت نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے تھے۔

بھارتی بلے باز کے ایل راہول اور  ویرات کوہلی نے ناقابل شکست  اننگز کھیلیں جس کے باعث بھارت نے مقررہ 50 اوورز  میں 2 وکٹ پر 356 رنز بنا لیے۔

ویرات کوہلی نے 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ کے ایل راہول بھی 111 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور  شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف انجری کے باعث میچ کے دوران گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ فاسٹ بولر حارث رؤف ان فٹ ہو گئے ہیں لہٰذا وہ بھارت کے خلاف میچ میں بولنگ نہیں کریں گے۔

ٹیم مینجمنٹ کے مطابق حارث رؤف کی بیک سائیڈ میں پسلیوں میں تکلیف ہے، حارث رؤف احتیاطی طور پر بولنگ نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کو مسلسل بارش اور گراؤنڈ فیلڈ خراب ہونے کی وجہ سے معطل کر کے ریزرو ڈے پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

Post Bottom Ad