Post Top Ad




ستمبر 06, 2023

ایشیا کپ 2023: سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو باآسانی شکست دے دی

 


ایشیا کپ 2023 کے سپر فو ر مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان نے بنگلادیش کا 194 رنز کا ہدف 40 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر  با آسانی  پورا کرلیا، امام الحق 78 اور محمد رضوان 63 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بنگلا دیش  نے پاکستان  کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن میچ آغاز سے ہی بنگلادیش کیلئے  اچھا ثابت  نہ ہوسکا۔


قدافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی فاسٹ بولرز کی شاندار بولنگ کی بدولت بنگلادیشی ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی تھی، مشفیق الرحیم 64 اور کپتان شکیب الحسن نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

فاسٹ بولر حارث رؤف نے 19رنزدے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، نسیم شاہ نے 3 جبکہ شاہین آفریدی،فہیم اشرف اور افتخار احمد نےایک، ایک وکٹ لی۔


میچ کے دوسرے اوور میں  بنگلادیشی اوپنرز مہدی حسن میراز بغیر کوئی رنز کیے نسیم شاہ کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔ بنگلادیش کو دوسرا نقصان  پانچویں اوور کی چوتھی گیند پر لٹن داس کی  صورت میں اٹھانا پڑا جب بنگلادیشی بیٹر لٹن داس  16 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کا شکار ہوئے جس کے بعد  بنگلادیش کی اگلی دو وکٹیں فاسٹ بولر  حارث رؤف کے حصے میں آئیں۔

حارث رؤف نے اوپنر محمد نعیم کو 20 اور  توحید ہردوئے کو صرف 2 رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔

بنگلادیش کو پانچواں نقصان کپتان شکیب الحسن کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 53 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بنے۔پاکستان کےخلاف بنگلادیشں کی چھٹی وکٹ 174 رنز پرگری جب شمیم حسین 16 رنزپر افتخار احمد کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔

مشفیق الرحیم 64 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر وکٹ دے بیٹھے اور پھر نئے آنے والے بیٹر تسکین احمد بھی صفر پر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیش کی آخری دو وکٹیں نسیم شاہ نے اُڑائیں، عاطف حسین 12 اور شریف السلام ایک رنز بناکر پویلین لوٹے۔

یوں  بنگلادیش کی پوری ٹیم 38.4 اوورز میں 193 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی۔

بنگلادیش کے 194 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور جب 5 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 15 رنز بنائے تو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان کی اننگز کے دوران ایک لائٹ ٹاور بند ہوگیا۔

لائٹ ٹاور کی بندش کی وجہ سے کھیل کچھ دیر تک روکا گیا،کھیل رکنے کے باعث پلیئرز فیلڈ سے چلے گئے تھے۔تاہم 18 منٹ کھیل رُکے رہنے کے بعد دوبارہ شروع ہوا۔

دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 35 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن پھر فخر زمان ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 20 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پاکستان کو دوسرا نقصان کپتان بابر کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ صرف 17 رنز بناکر تسکین احمد کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ایسے میں امام الحق اور رضوان نے شاندار بیٹنگ کی۔

لیکن پھر امام الحق 84 گیندوں پر 78 رنز بناکر بولڈ ہوگئے جبکہ رضوان نے ناقابل شکست 63 رنز کی اننگز کھیلی۔اس کے علاوہ سلمان علی آغا نے 12 رنز بنائے، یوں پاکستان نے ہدف39.3 اوورز میں 3 وکٹوں کےنقصان پر حاصل کرلیا۔

Post Bottom Ad