Post Top Ad




اکتوبر 08, 2023

کرکٹ ورلڈ کپ 2023: بھارت نے آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

 

فوٹو: بی سی سی آئی/ایکس

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے پانچویں میچ میں انڈیا نے  ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کی ذمہ درانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو با آسانی 6 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔ 

انڈین بیٹرز نے آسٹریلیا کا 200 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں پورا کر لیا، 2 رنز پر 3 کھلاڑی  آؤٹ ہونے کے بعد ویرات  کوہلی اور کے ایل راہول نے ٹیم کو سنبھالا۔

ویرات کوہلی نے 85 اور کے ایل راہول نے ناقابل شکست 97  رنز بنائے اور ٹیم کو جیت دلوائی۔ 

انڈیا کے شہر چنئی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے انڈیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا نے انڈیا کے خلاف پورے میچ میں سست روی سے بیٹنگ کی، انڈیای بولرز کے سامنے  آسٹریلوی بیٹرز کھل کر نہ کھیل سکے ۔ کینگروز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 199 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کی جانب سے اسٹیو اسمتھ 46  اور ڈیوڈ وارنر 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے اس حوالے سے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے ، ہم تازہ دم ہیں  اور اچھی پوزیشن میں ہیں، میچ سے قبل کھلاڑیوں کو تیاریوں کے لیے کافی وقت ملا ہے ۔

انڈیا کے خلاف آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، صرف 5 کے مجموعی اسکور پر اوپنر مچل مارش بمراہ کی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ پر ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ نے 69 رنز کی شراکت داری بنائی پر وہ بھی ٹیم کو بڑا اسکور کرنے میں زیادہ مدد نہیں دے سکے۔وارنر 41 اور اسمتھ 46 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

آسٹریلیا کی ٹیم پوری اننگزکے دوران انڈیای بولرز کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکی اور میچ میں سست روی سے بیٹنگ کی، اس دوران ان کی یکے بعد دیگر وکٹیں بھی گرتی رہیں۔

مچل اسٹارک نے 28 ، مارنس لبوشین نے27 رنز بنائے جبکہ پیٹ کمنز اور گلین میکسویل نے 15، 15 رنز اسکور کیے۔

اس کے علاوہ کیمرون گرین 8 اور ایڈم زیمپا نے 6 رنز بنائے جبکہ الیکس کیری صفر پر آؤٹ ہوئے، پوری آسٹریلوی ٹیم 49.3 اوورز میں آؤٹ ہوگئی۔

انڈیا کے روینڈرا جڈیجا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلدیپ یادیو اور جسپریت بمرا نے  2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس کے علاہ محمد سراج ، روی چندرن ایشون اور ہردیک پانڈیا کے حصے میں ایک ، ایک وکٹ آئی۔

200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انڈیا کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا، آسٹریلوی بولرز نے اننگز کی شروعات میں ہی تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے انڈیای ٹاپ آرڈر کو پویلین بھیجا۔

انڈیا کے 2 کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، ایشان کشن ، کپتان روہت شرما اور شریاس ائیر صفر پر آؤٹ ہوئے۔

3 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے انڈیین ٹیم پر بھرپور پریشر ڈالا، کینگروز کو چوتھی وکٹ 20 کے مجموعی اسکور پر مل سکتی تھی لیکن مچل مارش نے ویرات کوہلی کا کیچ ڈراپ کرکے انہیں چانس دے دیا اور پھر انڈیای بیٹرز نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔

ویرات کوہلی ایک بار پھر مرد بحران ثابت ہوئے اور شاندار 85 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ سنچری نہ بنا سکے اور کیچ آؤٹ ہوگئے، دوسری جانب سے کے  ایل راہول نے بھی ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور جیت آسٹریلیا سے چھین لی۔

کوہلی اور راہول کے درمیان 165 رنز کی شاندار شراکت داری بنی، راہول نے 115 گیندوں پر ناقابل شکست 97 رنز بنائے۔اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا نے 11 رنز اسکور کیے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3 اور مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کے ایل راہول کو شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

Post Bottom Ad