Post Top Ad




اکتوبر 05, 2023

کرکٹ ورلڈ کپ 2023 :نیوزی لینڈ نے افتتاحی میچ میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا

 


آئی سی سی کرکٹ ون ڈے ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے ڈیون کونوے اور رویندرا کی شاندار سنچریوں کی بدولت دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 283 رنز کا ہدف 37 ویں اوور میں با آسانی صرف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

 ڈیون کونوے نے 121 گیندوں پر 152 رنز جبکہ نوجوان رچن رویندرا نے 96 گیندوں پر 123رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔دونوں کے درمیان 273 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔

احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے تھے ، انگلش ٹیم کی جانب سے جو روٹ 77 اور کپتان جوز بٹلر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

 انگلینڈ کو پہلا نقصان اوپنر ڈیوڈ ملان کی صورت میں اٹھانا پڑا جنہیں 14 رنز پر میٹ ہینری نے پویلین بھیجا، بعدازاں جونی بیئر اسٹو 33، ہیری بروک 25 اور معین علی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 

4 وکٹیں گرنے کے بعد جو روٹ اور کپتان جوز بٹلر نے ذمہ درانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا،جو روٹ نے 77 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ بٹلر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 

اس کے علاوہ لیام لیونگسٹن نے 20 ، سام کُرن نے 14 اور کرس ووکس نے 11 رنز بنائے۔اختتامی اوورز میں عادل رشید اور مارک ووڈ کے درمیان 30 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور یوں انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز بنائے۔

عادل رشید نے 15 اور مارک ووڈ نے 13 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل سینٹنر اور گلین فلپس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

انگلینڈ کے 283 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز اچھا نہ تھا، صرف 10 کے مجموعی اسکور پر ول ینگ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

ایک وکٹ گرنے کے بعد ڈیون کونوے اور پہلی بار ورلڈکپ کا میچ کھیلنے والے رچن رویندرا نے انگلینڈ کے بولرز کا بھرکس نکال دیا۔

دونوں نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے، اور انگلش بولرز کو بے بس کر دیا۔ کونوے اور رویندرا نے سنچریاں اسکور کیں اور ہدف 37 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

  ڈیون کونوے نے 152 رنز  بنائے، ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 19 چوکے شامل تھے جبکہ نوجوان رچن رویندرا نے 96 گیندوں پر 123رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، رویندرا کی اننگز میں 5 چھکے اور 11 چوکے شامل تھے۔

دونوں کے درمیان 273 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی۔

 انگلینڈ کی جانب سے سام کُرن نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ نیوزی لینڈ کے رویندرا کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

پاکستان ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ کل نیدرلینڈزکے خلاف کھیلے گا۔  ورلڈ کپ کے تمام میچز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1:30 بجے شروع ہونگے۔


Post Bottom Ad