Post Top Ad




اکتوبر 10, 2023

کرکٹ ورلڈکپ 2023: سری لنکا کو شکست، پاکستان نے ورلڈکپ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کر کے تاریخ رقم کر دی

 

فوٹو: پی سی بی/ایکس

آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کے آٹھویں میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کر کے شکست دے دی۔

پاکستان نے سری لنکا کا 345 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کےنقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کیا، عبداللہ شفیق نے  113 رنز بنائے۔  محمد رضوان  131 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

345 رنز کا ہدف ورلڈکپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے کامیابی سے حاصل کیا ہوا سب سے بڑا ہدف  ہے۔

اس سے قبل 2011 کے ورلڈکپ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کے خلاف 329 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔

 سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سری لنکا  کے صرف 5 کے مجموعی اسکور پر کوشال پریرا صفر پر حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ پر پاتھم نسانکا اور کوشال مینڈس کے درمیان 102 رنز کی شراکت داری بنی تاہم پھر نسانکا 51 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

2 وکٹیں گرنے کے بعد کوشال مینڈس اور سمارا وکرما نے پاکستانی بولرز کے خلاف لاٹھی چارج کیا اور گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شارٹس لگائے اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی۔

اس دوران مینڈس نے سری لنکا کی جانب سے ورلڈکپ کی سب سے تیز ترین سنچری بھی اسکور کی، انہوں نے 65 گیندوں پر 100 رنز پورے کیے۔

مینڈس اور سمارا وکرما کے درمیان 111 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی لیکن پھر مینڈس 77 گیندوں پر 122 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ پھر نئے آنے والے بیٹر چریتھ اسالنکا ایک رن پر پویلین لوٹے۔

اس کے علاوہ ڈی سلوا نے 25 رنز بنائے، جبکہ دوسری جانب سے سمارا وکرما نے بھی ون ڈے کیریئر کی اپنی پہلی سنچری اسکور کی۔انہوں نے 89 گیندوں پر 108 رنز کی اننگز کھیلی۔

داسن شناکا نے 12 اور ویلالاگے نے 10 رنز کی اننگز کھیلی، یوں سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 344 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی نے 4، حارث رؤف نے 2 اور شاداب ، نواز اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکا کے 345 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا، اوپنر امام الحق 12 اور کپتان بابر اعظم صرف 10 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

37 کے مجموعی اسکور پر 2 وکٹیں گرنے کے بعد نوجوان بیٹر عبداللہ شفیق اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو سنبھالا۔

دونوں بیٹرز نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش شاٹس لگائے، پہلے عبداللہ شفیق نے شاندار سنچری اسکور کی جس کے بعد محمد رضوان نے بھی ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سنچری بنائی۔دونوں بیٹرز کے درمیان 176 رنز کی شراکت داری بھی قائم ہوئی۔

تاہم عبد اللہ شفیق 103 گیندوں پر 113 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 10 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

عبداللہ شفیق  ورلڈکپ ڈیبیو میچ میں سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹر

عبداللہ شفیق آج اپنا ورلڈکپ میں پہلا میچ کھیل رہے تھے، وہ ورلڈکپ ڈیبیو میں سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹر ہیں۔اس کےعلاوہ سعود شکیل 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

 دوسری جانب سے محمد رضوان 121 گیندوں پر 131 رنز بنا کرناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو ریکارڈ جیت دلوادی۔ اس کے علاوہ افتخار احمد 22 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو شاندار بیٹنگ کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

سری لنکا کے خلاف پاکستان کی ورلڈکپ میں مسلسل آٹھویں جیت

پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیم ون ڈے ورلڈکپ میں 8 بار مدمقابل آئیں اور ہر بار پاکستان نے سری لنکا کو شکست دی۔

Post Bottom Ad