Post Top Ad




نومبر 07, 2023

سلامتی کونسل کا 2 گھنٹے کا اجلاس بے نتیجہ ختم، غزہ پر قرارداد منظور نہ ہوسکی

 


نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ایک اور اجلاس بے نتیجہ ختم  ہوگیا جس میں غزہ پر جنگ سے متعلق قرار داد منظور نہ ہو سکی۔

سلامتی کونسل کے 2 گھنٹے بند کمرہ اجلاس میں بھی اختلافات ختم نہ ہو سکے اور اجلاس ایک بار پھر ناکام ہوگیا۔

اجلاس میں ایک طرف امریکا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر وقفے کا مطالبہ کر رہا ہے جب کہ کونسل کے دیگر اراکین ’انسانی بنیادوں پر جنگ بندی" کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ غزہ میں ضروری امداد کی فراہمی اور مزید ہلاکتوں کو روکا جا سکے۔

ادھر اقوام متحدہ میں فلسطینی نمائندے نے امریکا کو سیز فائر معاہدے میں رکاوٹ قرار دے دیا۔

اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ کی پٹی پر قبضے کا منصوبہ، یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ بندی کا امکان مسترد کردیا

اسرائیلی وزیر اعظم نے غزہ کی پٹی پر قبضے کے ارادے ظاہر کرتے ہوئے یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ بندی کا امکان مسترد کردیا۔

غیر ملکی ٹی وی اے بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ حماس کے ساتھ جنگ کے بعد اسرائیل غزہ پٹی کی غیر معینہ مدت کے لیے سلامتی کی مجموعی ذمہ داری سنبھالے گا، اس وقت حماس کی وجہ سے اسرائیل کے پاس سکیورٹی کی ذمے داری نہیں ہے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ میں اس وقت تک جنگ بندی نہیں ہو گی جب تک حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کو رہا نہیں کیا جاتا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے غزہ کے جنوبی اور شمالی علاقوں کو درمیان سے تقسیم کرنے کے بعد اسرائیلی فوج کے مزید علاقوں پر قبضے کا دعویٰ بھی کیا۔

اسرائیل کا غزہ کے تین اسپتالوں پر حملہ

دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کے تین اسپتالوں پر بمباری کی جس میں غزہ سٹی کے نصر میڈیکل کمپلیکس، القدس اسپتال اور بیت ہانوں میں کمال عدوان اسپتال پر حملے کیے گئے جس میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے۔

غزہ پر اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار سے اوپر چلی گئی ہے، مرنے والوں میں 4 ہزار سے زیادہ بچے اور 2600 خواتین شامل ہیں۔

Post Bottom Ad