Post Top Ad




نومبر 27, 2023

اے آئی ماڈل جو دیکھنے میں انسان لگتی ہے، ہر ماہ ہزاروں ڈالرز کماتی ہے

 

فوٹو: دی کلیولیس اے آئی

آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال اب مختلف شعبوں میں ہو رہا ہے۔

درحقیقت اے آئی ٹیکنالوجی سے متعدد ایسے کام بھی ہو رہے ہیں جن کا ماضی میں تصور کرنا بھی ممکن نہیں تھا۔

ایسا ہی کچھ اسپین میں دیکھنے میں آیا ہے جہاں انسانی ماڈلز کے نخروں سے تنگ ایک کمپنی دی کلیولیس نے ایک لڑکی کے اے آئی ماڈل کو تیار کیا ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق دیکھنے میں حقیقی نظر آنے والی یہ لڑکی درحقیقت اے آئی سے تیار کردہ ہے۔

گلابی بالوں والی اس ڈیجیٹل لڑکی کا نام Aitana López ہے جس کا اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ہے۔

 یہ اے آئی ماڈل ماہانہ 3 سے 10 ہزار یورو (9 لاکھ 23 ہزار سے 30 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کما رہی ہے۔

کمپنی کی بانی روبن کروز کے مطابق اس اے آئی ماڈل کو تیار کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب انہیں انسانی ماڈلز کے ساتھ کام کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ حقیقی ماڈلز کے باعث ہمیں متعدد منصوبوں کو منسوخ یا التوا میں ڈالنا پڑا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے بعد ہم نے ایسے افراد پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ کیا جو اپنی انا یا زیادہ آمدنی کے لیے کام میں رکاوٹ بنتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے معاشرے کی پسند کو مدنظر رکھ کر ایک خوبصورت شخصیت تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے اس اے آئی ماڈل کو ایک مضبوط اور پرعزم خاتون قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے ویڈیو گیمز اور فٹنس سے محبت ہے۔

یہ اے آئی ماڈل ایک اشتہار میں کام کرنے کا ایک ہزار یورو معاوضہ لیتی ہے اور ہر ماہ 3 سے 10 ہزار یورو کما لیتی ہے۔

Post Bottom Ad