Post Top Ad




جنوری 21, 2024

18 سال سے کم عمر نوجوان اب رات دیر تک انسٹاگرام استعمال نہیں کر سکیں گے

 


انسٹا گرام وہ ایپ ہے جس کا استعمال بڑوں سے لے کر کم عمر نوجوانوں تک سب  کرتے ہیں تاہم نوجوانوں میں یہ تعداد سب سے زیادہ ہے  اور وہ دن رات اس میں   ریلز  (Reels)  دیکھتے رہتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ میٹا نے انسٹا گرام کے 18 سال سے کم عمر صارفین کو رات گئے تک ایپ کے استعمال سے روکنے کے لیے ایک نیا ٹول متعارف کرایا ہے۔

 انسٹاگرام میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے تحت 18 سال سے کم عمر نوجوانوں کے اکاؤنٹس پر ایک نوٹیفکیشن بھیج کر انہیں رات گئے تک ایپ کے استعمال سے روکا جائے گا۔

انسٹاگرام کی جانب سے جاری بیان کے مطابق رات دیر تک ایپ کا استعمال کرنے والے کم عمر نوجوانوں کو ایک نوٹیفکیشن بھیجاجائے گا جس میں نوجوانوں کو سونے کا مشورہ  دیا جائے گا اور یہ نوٹیفکیشن  ہر10 منٹ بعد نوجوانوں کو موصول ہوگا۔

انسٹاگرام نے یہ بھی بتایا کہ یہ نوٹیفکیشن ریلز دیکھنے اور ڈائریکٹ میسج کرنے والوں کو بھیجا جائے گا۔ 

نئے نوٹیفکیشن کا مقصد

کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ نیا فیچر نوجوانوں کو رات دیر تک جاگنے سے روکنے اور جلد سونے کی عادت ڈالنے کیلئے متعارف کرایا گیا ہے۔ رات 10 بجے کے بعد نوٹیفکیشن کم عمر صارفین کو بھیجا جائے گا۔

واضح رہے کمپنی کی جانب سے یہ اقدامات اس وقت کیے جا رہے ہیں جب اسے مختلف ممالک کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

میٹا پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس کی ایپس سے نوجوان نسل ذہنی صحت کے بحران کا شکار ہو رہی ہے۔

اسی لیے اکتوبر 2023 میں امریکا کی 33 ریاستوں نے میٹا کے خلاف مقدمہ دائر کرتے ہوئے کہا تھا کہ میٹا کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے خطرات کے حوالے سے عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔

یورپین کمیشن کی جانب سے بھی میٹا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یہ واضح کرے کہ بچوں کو غیر قانونی اور نقصان دہ مواد سے تحفظ کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Post Bottom Ad