Post Top Ad




جنوری 22, 2024

واٹس ایپ میں بہت جلد بالکل منفرد فیچر متعارف کرایا جائے گا



واٹس ایپ میں ایک ایسا فیچر متعارف کرانے پر کام کیا جا رہا ہے جو موبائل فونز پر فائل شیرنگ کو بہت آسان بنادے گا۔ 

اگر آپ اینڈرائیڈ فونز میں نیئر بائی شیئر  فیچر استعمال کر چکے ہیں تو واٹس ایپ کا نیا فیچر ضرور پسند آئے گا۔

WABetaInfo کی خبر کے مطابق واٹس ایپ کے اس نئے فیچر کے ذریعے قریب موجود افراد سے فائلز شیئر کرنا بہت آسان ہو جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ نیا فائل شیئرنگ فیچر اس وقت اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں دستیاب ہے۔

یہ فیچر اسی وقت کام کرے گا جب دیگر افراد کی جانب سے شیئر کی درخواست کی اجازت دی جائے گی۔ اس فیچر کے تحت صرف ان افراد سے فائلز شیئر کرنا ممکن ہوگی جو صارف کی کانٹیکٹ لسٹ میں موجود ہوں گے۔

اسی طرح واٹس ایپ میسجز اور کالز کی طرح فائل شیئرنگ کے فیچر کو بھی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا تحفظ حاصل ہوگا۔

یعنی یہ اینڈرائیڈ کے نیئر بائی فیچر سے ملتا جلتا تو ہوگا مگر اس کے ساتھ ساتھ اسے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن کا اضافی تحفظ بھی حاصل ہوگا، جس سے آپ کا فون ان افراد کو نظر نہیں آئے گا جو آپ کی کانٹیکٹ لسٹ میں موجود نہیں ہوں گے۔

یہ نیا فیچر عوامی مقامات پر کسی فرد کے ساتھ فوٹوز یا ویڈیوز شیئرنگ کے لیے کارآمد ثابت ہوگا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابھی اس فیچر کی آزمائش بیٹا ورژن میں ہو رہی ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ کب تک اسے تمام افراد کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

Post Bottom Ad