Post Top Ad




جنوری 30, 2024

حسین حقانی نے جنرل باجوہ کے کہنے پر میرے خلاف لابنگ کی، عمران خان کا عدالت میں بیان

 


بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا سائفر کیس میں دیا گیا 342 کا بیان سامنے آگیا۔


عمران خان خصوصی عدالت کے روبرو 342 کا بیان ریکارڈ کرانے روسٹرم پر آئے جس میں انہوں نے بتایا کہ سائفر میرے آفس میں تھا، ذمہ داری پرنسپل سیکرٹری اور ملٹری سیکرٹری کی ہوتی ہے، بتانا چاہتا ہوں کہ اصل سازش کیسے ہوئی۔


بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ساڑھے 3 سال کے دوران بطور وزیراعظم صرف سائفرکی ایک دستاویزغائب ہوئی، سائفرگمشدگی پر ملٹری سیکرٹری سے کہا کہ اس کی انکوائری کرو جس پر ملٹری سیکرٹری نےکہا انکوائری کی لیکن سائفر کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔



عمران خان نے مزید کہا کہ 2 کروڑ 30 لاکھ ووٹوں سے منتخب وزیراعظم کو نکالا گیا، منتخب وزیراعظم کےخلاف سازش میں جنرل باجوہ اور ڈونلڈ لو شامل تھے، حسین حقانی نے جنرل باجوہ کے کہنے پرمیرے خلاف لابنگ کی۔


اپنے بیان میں مزید کہا کہ جنرل باجوہ سے ملاقات کے لیے تین رکنی کمیٹی بنائی گئی، کمیٹی میں اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک شامل تھے، جنرل باجوہ نے کمیٹی کو کہا اپنی سمت درست کرو، ورنہ12 سال کے لیے اندر جاؤگے، روس سے واپس آیا تو شاہ محمود قریشی نے مجھے سائفرپیغام سےآگاہ کیا۔


بانی پی ٹی آئی کے مطابق اس دوران میری باجوہ سے متعدد ملاقاتیں ہوئیں۔


سائفر کیس میں عمران خان اور شاہ محمود کو 10،10 سال کی سزا:


واضح رہے کہ 30 جنوری منگل کو سائفر کیس کی خصوصی عدالت نے کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی۔


Post Bottom Ad