Post Top Ad




فروری 06, 2024

الیکشن کمیشن کا متنازع ’الیکشن مینجمنٹ سسٹم‘ کیا ہے؟



 اسلام آباد:  ملک بھر میں انٹرنیٹ کنکشن نہ ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن آف پاکستان کا الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کیسے کام کرے گا؟ اس سوال کا جواب کرنل محمد سعد علی نے دیا ہے جو ای ایم ایس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ہیں جسے آئندہ عام انتخابات کے نتائج جمع کرنے اور ان کی ٹیبولیشن کیلئے استعمال کیا جانا ہے۔ 


کرنل محمد سعد نے بتایا کہ ہمارا ای ایم ایس انٹرنیٹ سے نہیں بلکہ انٹرا نیٹ سے چلتا ہے جس کا مطلب ہے کہ ہم نے الیکشن کمیشن کیلئے ایک پرائیوٹ نیٹ ورک قائم کیا ہے جسے پورے ملک میں پھیلایا گیا ہے اور اس میں پی ٹی سی ایل اور دیگر کمپنیوں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ 

انہوں نے واضح کیا کہ پورے ملک میں ہر صوبائی اسمبلی کے حلقے کیلئے تین جب کہ قومی اسمبلی کے حلقے کیلئے چار لیپ ٹاپس رکھے گئے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ ای ایم ایس بغیر انٹرنیٹ کے کیسے کام کرے گا تو انہوں نے کہا کہ جب کنکشن ٹوٹ جائے گا تب یہ لیپ ٹاپ لوکل ایریا نیٹ ورک (ایل اے این) پر آف لائن موڈ میں کام کرتے رہیں گے اور یہ لیپ ٹاپ ہر ریٹرننگ افسر کے دفتر میں موجود ہوں گے۔ 

انہوں نے بتایا کہ ایک لیپ ٹاپ پر عوام کیلئے ملٹی میڈیا کے ذریعے پروگریسیو نتائج دکھائے جائیں گے، یہ نتائج نمایاں جگہ پر دکھائے جائیں گے اور یہاں سے عوام نتائج جمع کیے جانے کا عمل بھی دیکھ سکیں گے، پریزائیڈنگ افسران تصاویر کھینچ کر ریٹرننگ افسران کو نتائج بھیجیں گے اور ساتھ ہی موبائل پر بھی بھیجیں گے، اس سے وہ جگہ پتا چلے گی جہاں سے یہ تصویر بھیجی گئی تھی اور ساتھ ہی تصویر بھیجے جانے کا وقت بھی پتہ چلے گا۔

کرنل سعد کے مطابق اگر کوئی کنیکٹیویٹی نہ ہوئی تو یہ تصویر از خود محفوظ ہو جائے گی اور جیسے ہی کنکشن بحال ہوگا تو یہ تصویر اپنی منزل تک پہنچ جائے گی،  اگر فارم 45؍ کچھ گھنٹوں کیلئے جمع نہ ہوا تو فارنسک دستیاب ہوگا۔ 

یاد رہے کہ شہداد کوٹ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 197 کے ریٹرننگ افسر نے الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھائے تھے۔

ریٹرننگ افسر این اے197 شہداد کوٹ کی جانب سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ای ایم ایس پر پولنگ اسٹاف کی تفصیلات کو اپ لوڈ کیا، ای ایم ایس پر پہلے اپ لوڈ کیے گئے پولنگ اسٹاف کے نام غائب تھے۔

آر او این اے 197 نے لکھا کہ ای ایم ایس نظام پر سنجیدہ سوالات اٹھ گئے ہیں، یا تو ای ایم ایس نظام ناکام ہے یا پھر اسے کوئی اور کنٹرول کر رہا ہے، ای ایم ایس پر تحفظات الیکشن کمیشن اور نادرا کو بتائے لیکن مثبت جواب نہیں آیا۔

خط کے مطابق ای ایم ایس آسانی کی بجائے مشکلات پیدا کر رہا ہے، اس صورتحال سے عام انتخابات کے ہموار انعقاد میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔


Post Bottom Ad