Post Top Ad




فروری 06, 2024

الیکشن کی انتخابی مہم کا آج آخری دن، بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل



 8 فروری کو شیڈول الیکشن کی انتخابی مہم کا آج آخری دن ہے، انتخابات کے لیے 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام بھی مکمل کر لیا گیا۔


ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم کا وقت آج رات 12 بجے ختم ہوجائے گا، کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ووٹ کے لیے اصلی شناختی کارڈ لازمی ہے ، زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جاسکے گا۔

بلوچستان میں حساس پولنگ بوتھ پر انٹرنیٹ سروس بند رکھنے کا فیصلہ  کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے  امیدواروں کو غیر ضروری عوامی اجتماع نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق 8 فروری 2024 ءکے انتخابات کے لیے چھپوائے گئے لگ بھگ 26 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ملازمین نے ایک محدود وقت میں اپنی محنت اور منظم منصوبہ بندی کے ذریعے اس اہم ذمہ داری کی تکمیل کی۔بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل زمینی اور ہوائی دونوں طریقوں سے مکمل کیا گیا۔تمام بیلٹ پیپرز، سرکاری پریس اداروں سے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ان کے نمائندوں کے حوالے کیے گئے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اس عمل میں موسم کی خرابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم تمام چیلنجز کے باوجود کمیشن نے وقت پر یہ کام مکمل کیا تاکہ تمام ووٹرز ملکی انتخابات میں بہترین اور منظم طور پر شرکت کر سکیں۔

Post Bottom Ad