Post Top Ad




مارچ 26, 2024

امریکی شہر بالٹی مور میں کارگو شپ کی ٹکر سے پل ٹوٹ گیا، کئی گاڑیاں دریا میں گر گئیں ہلاکتوں کا خدشہ

فوٹو: رائٹرز

امریکی شہر بالٹی مور کے مشہور پل سے کارگو شپ ٹکرانے کے باعث پل ٹوٹ گیا جس میں ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست میری لینڈ کے شہر بالٹی مور کے فرانسس اسکاٹ کی برج سے ایک بڑی کارگو شپ ٹکرائی جس سے پل کو بری طرح نقصان پہنچا اور پل کا بڑا حصہ ٹوٹ کر دریا میں جاگرا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق یہ حادثہ رات ڈیڑھ بجے پیش آیا جس میں ایک کارگو شپ پل سے ٹکرائی اور اس میں آگ لگ گئی جب کہ کارگو شپ دریا میں ڈوب گئی اور پل ٹوٹنے سے اس پر چلنے والی کچھ گاڑیاں بھی دریا میں گری ہیں۔


میری لینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے مطابق حادثے کے بعد دونوں طرف سے پل کی تمام لائنز بند کردی گئی ہیں اور ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا ہے۔

بالٹی مور کے میئر کا کہنا ہےکہ حادثے کے بعد ایمرجنسی اہلکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور ریسکیو اقدامات جاری ہیں۔

فوٹو: بی بی سی


میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ حادثے کے نتیجے میں اب تک کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی ہے تاہم پولیس نے 
خدشہ ظاہر کیا ہےکہ حادثے کے نتیجے میں کچھ ورکرز پانی میں ڈوبے ہیں۔

فوٹو: بی بی سی

پولیس کے مطابق پل ٹوٹنے سے کئی گاڑیاں دریا میں گری ہیں اور 7 افراد بھی دریا میں گرے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

Post Bottom Ad