Post Top Ad




جون 09, 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: آسٹریلیا نے انگلینڈکو 36 رنز سے شکست دیدی

 

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے سنسنی خیز میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 36 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کرلی۔

آسٹریلیا کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ ٹیم 6 وکٹوں پر 165 رنز بنا سکی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا 17 واں میچ ویسٹ انڈیز کے شہربرج ٹاؤن میں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا کس میں دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا نے مقررہ 20 اوور میں7 وکٹ پر 201 رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر نے 39، مچل مارش نے 35 اور ٹریوس ہیڈ نے 34 رنز  بنائے۔

ان کے علاہ مارکوس اسٹوئنس 30 اور گلین میکسویل نے 28 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے معین علی، جوفرا آرچر ، عادل رشید  اور لیام لیونگسٹن نے ایک ایک جب کہ کرس جارڈن نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آسٹریلیا کے 202 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم نے آغاز تو اچھا کیا لیکن پھر اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم تیز رنز نہ بناسکی۔

7 اوورز میں 73 رنز کے شاندار آغاز کے بعد اوپنر فل سالٹ 37 اور پھر کپتان جوز بٹلر 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اس کے علاوہ ول جیک 10، جونی بیئر اسٹو 7، معین علی 25 اور لیونگ اسٹن 15 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

ہیری بروک 12 گیندوں پر 15 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز اور ایڈم زمپا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہیزل ووڈ اور اسٹوئنس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

انگلینڈ کے خلاف کامیابی کے بعد آسٹریلیا گروپ بی میں 4 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آگیا جبکہ انگلینڈ 2 میچز میں ایک پوائنٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر  موجود ہے۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کا اسکاٹ لینڈ کے خلاف پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوگیا تھا اس لیے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا تھا۔

Post Bottom Ad